نئی دہلی،5جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) یو جی سی نیٹ کے امتحان کی تیاری کر رہے طالب علموں کے لئے فکر کی خبر ہے۔طالب علموں کو اب سال میں دو بار کی جگہ صرف ایک بار ہی امتحان میں بیٹھنے کا موقع مل سکے گا۔ایسے میں جولائی میں یو جی سی نیٹ کے امتحان دینے کی سوچ رہے طالب علم امتحان نہیں دے پائیں گے۔اس فیصلے کی مخالفت میں بدھ کو طلبہ نے یو جی سی کے سامنے مظاہرہ کیا۔یو جی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ سال میں دو کے بجائے صرف ایک ہی یو جی سی نیٹ کے امتحان ہوگا جس کی وجہ سے بہت سے طالب علم عمر بڑھ جانے کی وجہ سے جے آرایف کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکیں گے اور ساتھ ہی کوالفائنگ فیصد کو بھی 15فیصد سے کم کر کے 6فیصد کرنے کی خبروں سے طالب علم زیادہ پریشان ہیں۔
مظاہرہ کر رہے طالب علم سوریا کا کہنا ہے کہ پہلے دو بار تھا اب ایک بار کر دیا، تعلیم میں کیا ہو رہا ہے، ہماری ایک کوشش کم ہو گئی۔ایک اور طالب علم ابھیشیک کا کہنا ہے کہ مقابلہ بھی بڑھ جائے گا، ہمارے سینئرس بھی ہمارے ساتھ امتحان دیں گے، اوپر سے کوالفائنگ فیصد بھی کم کر دیا۔سی بی ایس ای کی جانب سے جولائی میں یو جی سی نیٹ۔ جے آرایف کا امتحان نہ کرانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
سی بی ایس ای نے جون میں سرکلر جاری کرکےUGC-NETجونیئر ریسرچ فیلو شپ اینڈ ایلجبلٹی فار اسسٹنٹ پروفیسر کے لئے 19نومبر 2017کی تاریخ دی ہے۔سی بی ا یس ای کا کہنا ہے کہ سی بی ایس ای جولائی میں امتحان نہیں کرا رہا ہے لیکن فروغ انسانی وسائل کی وزارت کی طرف سے کوئی حکم سی بی ایس ای کو آتا ہے تو اسی کے مطابق امتحان کا شیڈول ہوگا،اگرچہ اب یو جی سی نیٹ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔